مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے کہا ہے کہ ملک کی بری فوج وطن کے دفاع کے تقاضوں کے مطابق ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر آمادہ ہے۔
انہوں نے پیر کے روز تہران میں حضرت ابو الفضل العباسؑ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب، جو یوم جانباز (جنگی معذورین کا دن) کے طور پر منائی جا رہی تھی، سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی بری فوج دشمنوں کی جانب سے ملک کے خلاف رچی جانے والی ہر سازش کا پوری طاقت کے ساتھ سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
بریگیڈیئر جنرل جہانشاہی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بری فوج اسلام اور ایرانی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر مقام پر اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ تیار ہے۔
انہوں نے 1980 سے 1988 تک جاری رہنے والی آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران مجاہدین اسلام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جانباز ایثار، قربانی اور جذبۂ شہادت کے روشن نمونے ہیں۔
اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں انہوں نے ملک کی بری فوج کی دفاعی اور عسکری تیاریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایرانی قوم کو یقین دلایا کہ ان کی فورسز ہر وقت اور ہر مقام پر ایرانی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جانباز ہم سب کے لیے، بالخصوص آئندہ نسلوں کے لیے، ایک عملی نمونہ ہیں، جنہوں نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران دشمنوں کے مقابلے میں اپنی مکمل طاقت کا مظاہرہ کیا اور وطن عزیز کا بھرپور دفاع کیا۔
آپ کا تبصرہ